
اسلام آباد(کرائم رپورٹر) نیو اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشکوک گاڑی پر سیکورٹی سٹاف کی فائرنگ سے2 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک اشتہاری نکلاہے۔
ذرائع کے مطابق نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی انٹری پوائنٹ پرایک مشکوک گاڑی کے نہ رکنے پرسیکورٹی سٹاف نے فائرنگ کر دی ۔ جس سے گاڑی میں سوار 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر سیکورٹی مذیدسخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکِہ اچانک ایک تیز رفتار کارانٹری گیٹ پر پہنچی جسے ایئرپورٹ سیکورٹی سٹاف کے اہلکارنے رکنے کا اشارہ کیا لیکن کار سواروں نے کار نہ روکی۔جس پرسیکورٹی پر ماموراہلکاروں نے کاررکوانے کی خاطرفائرنگ کی۔
فائرنگ سے گاڑی کی فرنٹ اسکرین ٹوٹ گئی اور گاڑی میں سوار دو افراد جن کی بعدمیں شناخت رحمت اللہ اور عبدالجبارکے ناموں سے ہوئی شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان کے پاس گاڑی نان کسٹم پیڈ میرا میک امپورٹڈ گاڑی تھی۔ گاڑی کے فرنٹ پر اسلام آبادنمبر BKD289 اور عقب میں AWM 287 نمبر پلیٹ نصب تھی۔
زخمیوں میں سے ایک کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے جبکہ دوسرا زخمی عبدالجبار بلوچستان کے ضلع کوہلو کے تھانہ کوہلو کا مطلوب اشتہاری ملزم نکلا ہے۔
کسٹمزٹیم کا تعاقب
کسٹمز کی ٹیم ایک خاتون انسپکٹر کی قیادت میں اسی گاڑی کا تعاقب کر رہی تھی۔ تعاقب کے دوران ملزمان نے ایئرپورٹ کے مین انٹری پوائنٹ پرسیکورٹی سٹاف کی جانب سے گاڑی روکنے کے اشارہ کے باوجودگاڑی نہیں روکی جس کی وجہ سے فائرنگ کاواقعہ پیش آگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کےمتعلقہ حکام ایئرپورٹ پہنچے ۔واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔































