اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا یورو بانڈ اجرا،ایک ہی ٹرانزیکشن میں 3 ارب ڈالر حاصل کرلئے۔
پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار ایک ہی ٹرانزیکشن میں 3 ارب ڈالر کے بین الاقوامی بانڈز جاری کر دئیے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے لیے یورو بانڈز کی طلب 6 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئی جو جاری کردہ بانڈز کی مالیت سے تقریباً دوگنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ ایک تاریخی دو مرحلوں پر مشتمل یورو بانڈ لین دین ہے جو پاکستان کے نئے اسٹریٹجک گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ (جی ایم ٹی این) پروگرام کے تحت پہلا اجراہے۔
بانڈز کی تفصیل
ٹرانزیکشن کے تحت 2 طرح کے بانڈز جاری کیے گئے:
1. 5.5 سالہ یورو بانڈ
– *مالیت:* 1.75 ارب ڈالر
– *کوپن ریٹ:* 7.50 فیصد
2. 10 سالہ یورو بانڈ
– مالیت 1.25 ارب ڈالر
– کوپن ریٹ:7.90 فیصد
عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد
مختلف عالمی منڈیوں اور براعظموں سے تعلق رکھنے والے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کے آرڈرز موصول ہوئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 10 سالہ بانڈ کے لیے مضبوط طلب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اور کریڈٹ بنیادی عوامل کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مقصد صرف مزید قرض حاصل کرنا نہیں بلکہ خودمختار قرضوں کے فعال انتظام کی وسیع تر حکمت عملی ہے جس میں شامل ہیں:
– مالی وسائل کے ذرائع کو متنوع بنانا
– قرض کی مدت میں اضافہ کرنا
– دوبارہ فنانسنگ اور قرضوں کی تجدید سے متعلق خطرات کو کم کرنا
– مختصر مدت اور مہنگی مالی ذمہ داریوں کو طویل مدت اور کم شرح پر تبدیل کرنا
پاکستان پہلے ہی مقررہ مدت سے قبل ملکی قرضوں کی قابل ذکررقم ادا کر چکا ہے۔ اسی نظم و ضبط کو بیرونی فنانسنگ تک وسعت دی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس نے اس تاریخی لین دین کی کامیاب تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
مشترکہ بک رنرز: سٹی، ڈوئچے بینک، ایمریٹس این بی ڈی، ایم یو ایف جی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے لین دین کو منظم کیا۔ حکومت نے قانونی مشیروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکے تعاون کو سراہا ہے۔
پس منظر
گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کی معاشی سمت میں بہتری کو مختلف خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں مسلسل اپ گریڈ اور کامیاب افتتاحی پانڈا بانڈکے ذریعے تسلیم کیا گیا ہے۔
































