اسلام آبا(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے نئے ڈیجیٹل پنشن قواعد جاری کر دیے ہیں جس کے تحت پنشن کی ادائیگی اب صرف ڈیجیٹل پنشن نظام کے ذریعے کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنشنرز کے لیے ہر 6 ماہ بعد نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل تصدیق کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل تصدیق نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز سے کرائی جا سکے گی۔
نئے رولز میں پنشن کی تصدیق کا پرانا کاغذی طریقہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ پنشن کی رقم براہ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی۔ پنشنرز کے لیے مارچ اور ستمبر میں تصدیق کا سابقہ شیڈول بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اب پنشنرز سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہیں کریں گے۔ پنشن اکاؤنٹ کو صرف تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر ڈورمنٹ نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اگر چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق نہ ہوئی تو پنشن کی منتقلی روک دی جائے گی۔ تاہم ڈیجیٹل تصدیق مکمل ہوتے ہی پنشن کی رقم دوبارہ منتقل کر دی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد پنشن کی ادائیگی اور تصدیق کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا کر شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
































