راولپنڈی:جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ سے وکیل کی نعش برآمد، چہرے اور آنکھوں پر سوجن اور خون کے نشانات


راولپنڈی (ویب ڈیسک)تھانہ سول لائن کے انتہائی حساس علاقے جوڈیشل کمپلیکس میں گاڑی سے ایک وکیل کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ وکیل کے چہرے اور آنکھیں بظاہر سوجی ہوئی تھیں اور خون کے نشانات بھی ملے ہیں۔

پولیس اور فرانزک سائنس کے ماہرین نے جائے وقوعہ کو حصار میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن راولپنڈی ملک طارق محبوب کا کہنا ہے کہ بظاہر وکیل خود گاڑی لے کر جوڈیشل کمپلیکس داخل ہوئے۔ موت کیسے ہوئی اس کا تعین فرانزک رپورٹ ملنے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

پولیس کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے لائرز کلب کے باہر پارکنگ میں کھڑی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر نعش ملنے کی اطلاع ملی۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو وہاں موجود وکلا نے تصدیق کی کہ نعش ایڈوکیٹ ثنا اللہ ستی کی ہے۔

نعش کی ظاہری حالت کے مطابق آنکھوں اور چہرے پر سوجن تھی اور منہ سے خون بہہ کر شرٹ تک پھیل چکا تھا۔ تاہم موت تشدد سے ہوئی یا کوئی اور وجہ بنی، اس کا فوری تعین نہیں ہو سکا۔

پولیس نے وقوعہ سے فرانزک ویگرشواہد اکٹھے کر کے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔

ایس ایس پی آپریشن ملک طارق محبوب نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ خود گاڑی لے کر جوڈیشل کمپلیکس آئے لیکن ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ فرانزک ماہرین اپنا کام کر رہے ہیں اور ہم سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اکٹھی کر رہے ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

کئی افسران کے تقر و تبادلے، PASگروپ کےایک آفیسرکی ترقی منسوخ

اسلام آباد(بیوروچیف)حکومت پاکستان نے بیوروکریسی میں متعددتقرر و تبادلے...

تازہ ترین