پاکستان : پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضہ میں 28 فیصد اضافہ ، 21 ستمبر سے ملک گیر مہم شروع ہو گی۔

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ستمبر کی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم سے قبل فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کر دیاہے۔

پروگرام کے مطابق یہ مہم 21 سے 27 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس دوران بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے 115 مخصوص اضلاع میں پولیو ٹیمیں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کی قیادت میں پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے معاوضے میں اضافے کا فیصلہ ملک بھر میں پولیو ورکرز کے ساتھ منعقد کئے گئے لسننگ سیشنز کے بعد کیا۔ ان سیشنز میں ورکرز نے فیلڈ میں درپیش مشکلات اور تجاویز سے قیادت کو آگاہ کیا تھا۔

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت پولیو ورکرز کی حفاظت، عزت و وقار اور فلاح و بہبودکے لئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

جن میں منتخب علاقوں میں فرنٹ لائن ورکرز سپورٹ سینٹرز میں بنیادی سہولیات کی بہتری، ورکرز کو شناختی کارڈز کا اجراء اور فیلڈ میں حفاظت کے لئے آپریشنل سیفٹی گائیڈ لائنز کی تیاری شامل ہیں۔ یہ تمام اقدامات وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کئے جا رہے ہیں۔

عائشہ رضا فاروق نے کہاہے کہ "ہمارے فرنٹ لائن ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ ہر روز ہر بچے تک پہنچنے اور اکثر مشکل حالات میں کام کرتے ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں 99.8 فیصد کمی آئی ہے۔ 1990 کی دہائی کے اوائل میں اندازاً 20,000 کیسز تھے جو 2025 میں کم ہو کر 31 اور 2026 میں اب تک صرف 3 کیسز رہ گئے ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین