پاکستان:سینٹ کمیٹی نے 18 سال سے کم عمر بچوں کوانرجی ڈرنکس کی فروخت پرپابندی کا بل منظور کرلیا،خلاف ورزی پر 1 لاکھ جرمانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دواہم بل منظور کرلئے ہیں۔

کمیٹی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری فوڈ سیفٹی ترمیمی بل 2025 بھی منظور کیا جس کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کو اور تعلیمی اداروں میں انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بل کے مطابق خلاف ورزی کرنے پر پہلی مرتبہ 1 لاکھ روپے جبکہ دوسری مرتبہ 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔

بل پیش کرتے ہوئے سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ بچوں کو انرجی ڈرنکس کے نام پر بہت مضر صحت چیزیں دی جا رہی ہیں۔ لال رنگ کی انرجی ڈرنکس دل کے دورے کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوبصورت رنگوں والے انرجی ڈرنکس بچوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں جن میں چینی اور کیفین کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کینسر اور دل کے عارضے سمیت دیگر بیماریوں کا موجب بنتی ہے۔

سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ چینی اور سوفٹ ڈرنکس پر بھی پابندی ہونی چاہیے کیونکہ ایک بوتل میں چینی کے 9 چمچ ہوتے ہیں جو صحت کے لئے نہایت مضر ہیں۔

دوسری جانب کمیٹی نے "پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل” بھی منظور کر لیا۔ بل کے تحت کاسمیٹکس کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ایک اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی نے کہا کہ اس وقت پورے پاکستان میں لوکل کاسمیٹکس فروخت ہو رہا ہے۔ وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ کینسر غیر معیاری رنگ گورا کرنے والی کریموں سے ہو رہا ہے۔ کاسمیٹکس میں مرکری کا استعمال جلد کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔

بل کے مسودہ کے مطابق غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے اور امپورٹ کرنے پر 7 سال قید اور 1 کروڑ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکے گی۔

رضا حیات ہراج نے مزید کہا کہ قانون سازی سے کاسمیٹکس کی نئی انڈسٹری معرض وجود میں آئے گی اور غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے والے عدالتوں سے بھی بری نہیں ہو سکیں گے۔

مزیداسی طرح کی
Related

کئی افسران کے تقر و تبادلے، PASگروپ کےایک آفیسرکی ترقی منسوخ

اسلام آباد(بیوروچیف)حکومت پاکستان نے بیوروکریسی میں متعددتقرر و تبادلے...

تازہ ترین