اسلام آباد(ویب ڈیسک)سی ڈی اےاور جاپان کی ایجنسی برائے بین الاقوامی تعاون "جائیکا” کے درمیان اسلام آباد کے لئے مربوط واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے مفاہمتی یادداشت MoU پر دستخط ہو گئے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سی ڈی اے کی جانب سے جبکہ جائیکا کی ٹیم لیڈر میاگاوا ماساہیتو نے جائیکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
منصوبے کی تفصیلات
– دورانیہ : اسلام آباد کے آبی انتظام کے لئے 36 ماہ پر مشتمل تکنیکی تعاون کا منصوبہ ہے۔
ہدفی سال : ماسٹر پلان کا ہدفی سال 2050ء مقرر کیا گیا ہے۔
– دائرہ کار : مربوط ماسٹر پلان کے تحت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے زونز 1 تا 5 میں پانی، سیوریج، صفائی اور نکاسی آب کے نظام کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
ماسٹر پلان کے اہم نکات
1. پائیدار آبی ذرائع : اسلام آباد کی موجودہ اور مستقبل کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پائیدار آبی ذرائع اور سرمایہ کاری کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔
2. کلائمیٹ ریزیلینس : جائیکا کے تعاون سے پانی کی فراہمی، سیوریج، گندے پانی کے انتظام اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔
3. ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن : اسلام آباد واٹر کی سروس ڈیلیوری اور یوٹیلیٹی مینجمنٹ بہتر بنانے کے لئے پائلٹ سرگرمیاں، میٹرنگ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر کام کیا جائے گا۔
4. نظام میں بہتری : ماسٹر پلان میں پانی کے رساؤ میں کمی، اسمارٹ میٹرنگ، بلنگ وصولی، پانی کے معیار اور صارفین کی شکایات کے ڈیجیٹل انتظام کو شامل کیا جائے گا۔
5. موسمیاتی خطرات : منصوبے کے تحت شدید بارشوں، شہری سیلاب، زیرِ زمین پانی میں کمی اور دیگر موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے کلائمیٹ ریزیلینٹ اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔































